سانحہ راولپنڈی: احتجاج کے موقع پر ملک بھر میں سخت سیکیورٹی
کراچی: مذہبی تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں راولپنڈی کے سانحے کے خلاف آج جمعے کو احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد کراچی سمیت مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دس محرم کو راولپنڈی میں راجہ بازار کے پاس ہونے والے تصادم، فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ان احتجاجی مظاہروں میں وفاق المدارس پاکستان، عالمی تحریک ختم نبوت اور دیگر تنظیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ملک کے دیگر شہروں سے بھی جلوس نکالے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ یومِ احتجاج کے موقع پر سندھ بھر میں گزشتہ رات بارہ بجے سے ہی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
آج ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی اہم شاہرہ ایم اے جناح روڈ کے اطراف سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔