Dawn News Television

شائع 11 اگست 2012 01:32pm

بلوچستان میں آزادی کا نعرہ مقبول نہیں، کائرہ

کوئٹہ: وفاقی حکومت کی بلوچستان پر کمیٹی کے ارکان کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ پاکستان سے آزادی کا نعرہ لگانے والے چند لوگ ہیں اور یہ مقبول نعرہ نہیں۔

کوئٹہ ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسئلے کے حوالے سے بیرون ملک موجود بلوچ قیادت سے بھی بات کریں گے۔

قمر زمان کائرہ نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ بلوچستان کے مسئلے کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ آزادی کا نعرہ لگانے والوں کے مسائل حل کریں گے اور جائزہ لیں گے کہ بلوچستان مسئلے کے حل کیلئے کن اقدامات کی ضرورت ہے اور مسئلے کے حل کیلئے سفارشات تیار کرکے وفاقی کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہی صوبائی خودمختاری دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری نے احساس محرومی دور کرنے کیلئے بلوچوں سے معافی مانگی تھی۔

Read Comments