دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس سال ستمبر میں کولمبو میں ہونے والے نویں سالانہ ایوارڈز کیلیے نامزد گیوں کا اعلان کردیا ہے۔
مجموعی طور پر چھ کھلاڑیوں کو تین کیٹیگریز میں شامل کیا گیا ہے جن میں پاکستان کے آف اسپنر سعید اجمل بھی شامل ہیں۔
ان چھ کھلاڑیوں کو سال کے بہترین کھلاڑی کی سرگار فیلڈ سوبرز ٹرافی کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ مردوں کو اور خواتین پلیئرز کو ایک ہی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے اور اسٹیفنی ٹیلر وہ پہلی کھلاڑی ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔
اس ایوارڈ کیلیے کھلاڑیوں کی چاراگست دو ہزار گیارہ سے چھ اگست دو ہزار بارہ تک کی کارکردگی کو مدنظر رکھا جائے گا۔
یہ پانچوں مرد کھلاڑی سال کے بہترین ٹیسٹ اور ایک روزہ کھلاڑی کے ایوارڈز کیلیے بھی مقابلہ کریں گے۔
نامزد کیے گئے کھلاڑیوں میں سعید اجمل کے علاوہ آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور انگلینڈ کے الیسٹر کک کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی خاتون کھلاڑی استینفنی ٹیلر شامل ہیں۔
آئی سی سی کے نویں ایوارڈز میں خاتون پلیئر ٹیلر کو سال کی بہترین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی کیلیے نامزد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان کے آل رائونڈر محمد حفیظ اسپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈ کیلیے نامزد کیے گئے ہیں، اس کیٹیگری میں مجموعی طور پر پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔
حفیظ کے علاوہ نامزد کیے گئے کھلاڑیوں میں جنوبی افریقہ کے جیک کیلس اور اے بی ڈی ویلیئرز، ویسٹ انڈیز کے کیرن پولارڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری شامل ہیں۔
ایوارڈز کی تاریخ میں تیسری بار پیپلز چوائس ایوارڈ بھی رکھا گیا ہے، اس ایوارڈ کیلیے کرکٹ کے مداح نامزد کیے گئے کھلاڑیوں میں سے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کیلیے ووٹ کرتے ہیں۔
اس بار اس کیٹیگری کیلیے جن پانچ کھلاڑیوں کو نامزد کیاگیا ہے ان میں کمار سنگاکارا، سچن ٹنڈولکر، ورنون فلینڈر، جیک کیلس اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔
ایوارڈز کیلیے ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر اورسال کے بہترین امپائر کیلیے بھی نامزدگیوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
پندرہ ستمبر کو ہونے والے آئی سی سی کے ایوارڈ میں نو انفرادی انعامات کے علاوہ سال کی بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔