کھیل

انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست

محمد نواز کی آل راؤنڈر کارکردگی رائیگاں، سنچری میکر انعام الحق میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

ٹاؤنز ولی: انڈر 19 ورلڈ کپ میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ میں محمد نواز کی آل راؤنڈر کارکردگی کے باوجود بنگلہ دیش نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

صرف 33 کے مجموعے پر پاکستان کے تین مستند بیٹسمین پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ سمیع اسلم 8، امام الحق ایک اور کپتان بابر اعظم 17 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔

اسکور 64 تک پہنچا تو سترہ رنز بنانے والے عمر وحید الامین کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے، اکیاسی کے اسکور پر سعد علی بھی الامین کا شکار بن گئے۔ انہوں نے چھ رنز بنائے۔

اس موقع پر کریز پر آنے والے محمد نواز نے فراز علی کے ساتھ مل کر اسکور کو 118 تک پہنچایا۔ اسی مجموعے پر 43 رنز بنانے والے فراز وکٹوں کے درمیان آہستہ دوڑنے کی پاداش میں رن آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر ایسا لگتا تھا کہ شاید پاسکاتنی ٹیم ڈیڑھ سو رنز بھی اسکور نہ کرسکے تاہم نواز نے شاہد الیاس کے ساتھ مل کر اسکور میں قیمتی 67 رنز کا اضافہ کیا۔ شاہد 185 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد نواز نے اپنی شاندار کا سلسلہ جاری رکھا اور دھواں دھار بیٹنگ کا مظٓاہرہ کرتے ہوئے اسکور میں مزید پچاس رنز کا اضافہ کیا، محمد نواز اننگ کی آخری گیند پر بیاسی رنز کی خوبصورت اننگز کھیلنے کے بعد آؤت ہوئے۔

انہوں نے اس خوبصورت اننگ کے دوران 4 چوکے جبکہ چھ بلند وبالا چھکے بھی لگائے۔ پاکستانی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 235 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف تسکین احمد نے ےین وکٹیںحاصل کیں تاہم اس کے لیے انہیں 80 رناز کی پٹائی بھی برداشت کرنا پڑی۔

بنگلہ دیشی اننگ کا آغاز ہوا تو  19 کے اسکور پر سومیا سرکار دس رنز بنا کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد اوپنر لٹن داس نے نئے آنے والے کھلاڑی انعام حق کے ساتھ مل کر اسکور میں 179 رنز کا اضافہ کیا اور پاکستان کو میچ سے باہر کردیا۔ 198 کے اسکور پر داس 53 رنز بنانے کے بعد احسان عادل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

دو سو سترہ کے مجموعے پر سنچری میکر انعام الحق ایل سو اٹھائیس رنز کی دلکش اننگ کھیلنے کے بعد محمد نواز کا شکار بنے، انہوں نے اس اننگ کے دوران پانچ چوکے اور آٹھ فلک بوس چھکے بھی لگائے۔

اسکور میں صرف آٹھ رنز کے اضافے سے بنگلہ دیش کو مزید دو وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا، الامین اور مصدق حسین ایک ایک ان بنا کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد بنگلہ دیش نے مزید کوئی نقصان برداشت کیے بغیر ہدف تک رسائی حاصل کر کے پانچ وکٹوں کی شکست پاکستان کا مقدر بنا دی۔ گرین شرٹس کی طرف سے احسان اور نواز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

گرین شرٹس ٹونامنٹ میں آٹھویں پوزیشن کے حقدار ٹھہرے، سنچری میکر انعام الحق کو میچ وننگ اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاری قرار دیا گیا۔