Dawn News Television

شائع 01 ستمبر 2012 06:52pm

کوئٹہ میں فرقہ ورانہ دہشت گردی جاری، سات ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہفتہ کو دوعلیحدہ علیحدہ واقعات میں مسلح افراد نے سات شیعہ مسلمانوں کو ہلاک کردیا۔

مقامی پولیس کے سینئر اہلکار وزیر خان ناصر نے اے ایف پی کو بتایا کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ہزار گنجی علاقے کے نزدیک ایک بس کو روکا اور گاڑی سے سبزی فروش پانچ شیعہ مسلمانوں کو نکال کر گولی مار کر ہلاک کردیا ۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کارروائی مکمل کرنے کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ناصر کے مطابق، دوسرے واقعہ میں موٹرسائیکل سوار دو افراد نے ہزار گنجی کے علاقے میں ہی دو شیعہ مسلمانوں پر فائرنگ کی جس سے وہ دونوں ہلاک ہو گئے ۔

ان حملوں کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

واقعے کی خبر پھیلتے ہی  ہزارہ برادری کے افراد مشتعل ہوکر سڑکوں پرنکل آئے اور مغربی بائی پاس کےساتھ بروری روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مشتعل مظاہرین ہلاک ہونے والے افراد کی میتوں کے ساتھ اقوام متحدہ کےدفترپہنچے اور احتجاجی دھرنا دیا۔

واقعہ کے بعد شہر میں کشیدہ حالات کی وجہ سے پولیس کی نفری بڑھادی گئی ہے۔

بلوچستان شیعہ کانفرنس نے واقعے کے خلاف تین روزہ سوگ کااعلان کرتے ہوئے کل شہرمیں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے واقعہ پر اپنے غم وغصہ کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات صوبے کوانارکی طرف لے کرجارہےہیں۔

جمعرات کے روز ایک فرقہ ورانہ دہشت گردی کے واقعے میں ایڈیشنل سیشن جج کو نامعلوم افراد نے کوئٹہ میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

Read Comments