دبئی: پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں دس وکٹوں سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا نے سپر اوور میں پہلے کھیلتے ہوئے عمر گل کی گیند بازی پر 11 رنز بٹورتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 12 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو عمر اکمل پہلی گیند پر کوئی رن لینے میں ناکام رہے تاہم انہوں نے اس کا ازالہ دوسری گیند پر باؤنڈری مار کر کردیا۔
تیسری گیند پر انہوں نے ایک رن ے کر اسٹرائیک عبدالرزاق کے حوالے کی جنہوں نے چوتھی گیند پر چوکا مار کر آسٹریلوی بولر پیٹ کمنز کے اوسان خطا کر دیے۔
پانچویں گیند پر وہ آؤٹ ہونے ےس بال بال بچے تاہم ایک رن لینے میں کامیاب رہے۔
آخری گیند پر پاکستان کو جیت کے لیے 2 رن درکار تھے تاہم نوجوان پیٹ کمنز میچ کا پریشر برداشت نہ کرسکے اور وائڈ گیند کر بیٹھے۔
آخری گیند پر کامران اکمل نے کور کی جانب کھیل کر ایک رن مکمل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ میں شاندار فتح کے ساتھ ساتھ سیریز میں ناقابل شکست برتری دلادی۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے تین چوکوں کی مدد سے بارہ رنز بنائے۔
پاکستان کو پہلا نقصان دوسرے اوور میں اس وقت اٹھانا پڑا جب عمران نذیر بغیر کوئی رن بنائے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرنے والے مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے دوسری وکٹ کیلیے 76 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
ناصر جمشید چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے پینتالیس رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ڈینیئل کرسچین نے پیٹ کمنز کی گیند پر ان کا ناقابل یقین کیچ لیا۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد حفیظ تھے جنہوں نے بیالیس گیندوں پر پینتالیس رنز بنائے۔
اس کے بعد گراؤنڈ میں آنے والے عمر اکمل نے اپنے بڑے بھائی کامران اکمل کے ساتھ مل کر 46 رنز کا اضافہ کیا۔ عمر اکمل 13 رنز بنانے کے بعد کرسچین کا شکار بنے۔
پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں 151 رنز اسکور کر کے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کامران اکمل نے 26 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔
آسٹریلیا نے جواب میں اپنی اننگ کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن نے اپنی ٹیم کو 40 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا۔
وارنر 31 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلنے کے بعد اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
واٹسن نے مائیکل ہسی کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 79 تک پہنچایا۔ اس موقع پر اجمل نے ہی پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی جب واٹسن وکٹوں کے سامنے پیر لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔
اسکور میں پانچ رنز کے اضافے سے کیمرون وائٹ عمر اکمل کی براہ راست تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔
اسکور 109 تک پہنچا تو کینگروز کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب مائیکل ہسی 23 رنز بنانے کے بعد عمر گل کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
اسکور میں آٹھ رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ ڈیوڈ بھی بھائی کی تقلید کرتے ہوئے آؤٹ ہو گئے۔ انہیں سہیل تنویر نے اپنا شکار بنایا۔
میتھیو ویڈ 142 کے مجموعی اسکور پر متبادل فیلڈر یاسر عرفات کی براہ راست تھرو پر پویلین واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔
آخری اوور میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے دس رنز درکار تھے تاہم عبدالرزاق نے کنگرز کی میچ جیتنے کی خواہش پر پانی پھیر دیا۔ انہوں نے اپنے اوور کی پہلی گیند پر آسٹریلین قائد جارج بیلے کو آؤٹ کیا اور پھر جب آسٹریلیا کو آکری گیند پر جیت کے لیے صرف ایک رن درکار تھا تو انہوں پیٹ کمنز کو عمران نذیر کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔