چیسٹرلی اسٹریٹ: جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو پہلے ٹی20 میچ میں شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
جنوبی افریقی قائد اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔
اوپنرز نے انگلینڈ کو 27 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ایلکس ہیلس تھے جو 11 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
چالیس کے مجموعی اسکور پر کریگ کیسویٹر 25 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد بوتھا کا شکار بن گئے۔
انگلش ٹیم کے پچاس رنز مکمل ہوئے تو روی بوپارہ 6 رنز بنانے کے بعد اسٹین کی گیند پر بوتھا کو کیچ دے بیٹھے۔
اسکور 66 تک پہنچا تو بوتھا نے دس رنز بنانے والے مورگن کی وکٹیں بکھیر کر انہیں بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔
اسکور میں دس رنز کے اضافے سے جوز بٹلر بھی چھ رنز بنانے کے بعد بولڈ ہو گئے۔
اسکور 85 تک پہنچتے پہنچتے انگلش ٹیم کو مزید دو کھلاڑیوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پٹیل چار اور جونی بیئر اسٹو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر ایسا لگتا تھا کہ شاید انگلینڈ کی ٹیم سو رنز بھی مکمل نہ کرسکے تاہم اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان نے اختتامی اوورز میں 33 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 118 تک پہنچایا۔
براڈ اور سوان نے اٹھارہ اٹھارہ رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے روبن پیٹرسن اور جوہان بوتھا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں جنوبی فریقی اننگ کا آغاز بہت تباہ کن تھا اور صرف 29 کے مجموعے پر اس کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔
رچرڈ لیوی آٹھ، پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے فیف ڈیو پلیسس 4 اور کپتان ڈی ویلیئرز دس رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔
اس کے بعد تجربہ کار جیک کیلس نے جین پال ڈومینی کے ساتھ مل کر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی ناؤ پار لگائی۔
دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 90 رنز جوڑتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک آسان فتح سے ہمکنار کرادیا۔
کیلس نے 48 ار ڈومینی نے 47 رنز بنائے، انگلش بولر جیڈ ڈرن بیک نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
جنوبی افریقی بولر ڈیل اسٹین کو کفایتی بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ پیر کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔