Dawn News Television

شائع 10 ستمبر 2012 04:15pm

پارہ چنارمیں دھماکہ، دس افراد ہلاک

پشاور:آفیشلز کے مطابق پارہ چنار کے بازار میں ہونے والے بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد دس ہوگئی ہے جبکہ دھماکہ  میں پینتالیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اب تک اس واقعے میں بارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ سینتیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکہ کشمیرچوک میں ہوا اور دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے کے بعد سیکیوریٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دھماکہ اس جگہ ہوا جہاں بڑی تعداد میں ریڑھی پر پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والے اور سوداسلف ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے والے مزدور موجود تھے اور ہلاک شدگان میں بھی اکثریت انہی افراد سے تعلق رکھتی ہے۔

وہاں موجود ایک قبائلی باشندے نے ٹیلیفون پر بتایا کہ بم ایک ایسی گاڑی میں نصب کیا گیا تھا جس پر انگور لدے ہوئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاراچناردھماکے میں پچاس سے زائد دکانیں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ سرکاری زرائع کے مطابق کارروائی میں پچاس کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ دھماکے میں راکٹ لانچر کے گولے بھی استعمال کئے گئے تھے۔

اس سے قبل ڈان اردو ویب سائٹ پر بارہ افراد کی ہلاکت کی خبر شائع کی گئی تھی جس کے لئے ادارہ معذرت خواہ ہے۔

Read Comments