Dawn News Television

شائع 16 ستمبر 2012 11:54am

لوئر دیر میں دھماکہ، پندرہ ہلاک

پشاور:  زیریں یا لوئردیر میں دہشتگردی کی کارروائی میں پندرہ افراد جان بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث پشاور منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، لوئر دیر کی تحصیل جنڈول کاعلاقہ بنڑھ آج صبح خوفناک دھماکے سے لرزاٹھا۔ جس کی گونج دور دور تک سنی گئی۔

لمحوں بعد ہی معلوم ہوا کہ دہشتگردوں نے جنڈول سے منڈاجانے والی مسافر کوچ کو بم سے اڑادیا ہے۔ کوچ میں تیس سے پینتیس مسافر سوار تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا جسے سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔

ڈی پی او محمداقبال نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ابتدائی طور پر دس ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

جبکہ ڈی سی او دیر نے دھماکے میں پندرہ افراد کے جاں بحق اور تیرہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

ڈی سی او کے مطابق زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہے جنہیں پشاور منتقل کیاجارہاہے جبکہ دیگر زخمیوں کودیرکے ڈی ایچ کیو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع کاکنٹرول سنبھال کرشواہد جمع کرنے شروع کردیئے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ امیرحیدر ہوتی نے بم دھماکے کی مذمت کی اور لواحقین کیلئے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔

Read Comments