کولمبو: آئی سی سی ایوارڈ کی تقریب میں سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا نے میدان مارتے ہوئے تین ایوارڈ اپنے نام کرلیے جبکہ پاکستان کوئی بھی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
چونتیس سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کرکٹر آف دی ایئر کی سر گار فیلڈ سوبر ٹرافی اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر اور پیپلز چوائس ایوارڈ بھی جیتا۔
ایوارڈ کی اس تقریب میں 6 اگست 2012 تک ایک سال کی کارکردگی کو مدنظر رکھا گیا تھا۔
سنگاکارا نے مذکورہ دورانیے کے دوران 14 ٹیسٹ میں پاچن سنچریوں کی مدد سے 1444 رنز جبکہ 37 ایک روزہ میچوں میں تین تھری فیگر اننگز کی مدد سے 1457 رنز بنائے۔
سری لنکن کھلاڑی کا ان ایوارڈز کے لیے جنوبی افریقی ہاشم آملا اور ورنون فلینڈر کے ساتھ ساتھ آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک سے بھی مقابلہ تھا۔
اس موقع پر سرلنکن بلے باز نے کہا کہ میرے لیے اعزاز جیتنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے خاص طور پر جن لوگوں کے ساتھ مجھے اس اعزاز کے لیے نامزد کیا گیا، ان کی موجودگی میں یہ ایوارڈز جیتنا یقیناً قابل فخر بات ہے۔
بہترین ایک روزہ کھلاڑی کا اعزاز نوجوان بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے حصے میں آیا، انہوں نے 31 ایک روزہ میچوں میں آٹھ سنچریوں کی مدد سے 1733 رنز بنائے۔
چوبیس سالہ ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن کو سال کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا، انہوں نے 3 ٹیسٹ میں بارہ جبکہ 15 ایک روزہ میچوں میں 28 بلے بازوں کو پویلین واپسی پر مجبور کیا۔
تین سال سے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار اس بار یہ اعزاز حاصل کرنے میں ناکام رہے، اس بار یہ اعزاز کرکٹ کو خیر باد کہہ کر امپائر بننے والے سری لنکا کے کمار دھرما سینا کے حصے میں آیا۔
آئر لینڈ کے جارج ڈاک ریل نے ایسوسی ایٹ کرکٹ آف دی ایئر اور ایفی لی ایٹ کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ اس ایوارڈ کے لیے ان کا ہم وطنوں کیون اوبرائن، ایڈ جوائس، پال اسٹرلنگ اور افغانستان کے دولت زدران سے مقابلہ تھا۔
جنوبی افریقہ کے رچرڈ لیوی کی نیوزی لینڈ کے خلاف 51 گیندوں پر 117 رنز ناٹ آؤٹ کی دھواں دھار اننگ کو سال کی بہترین ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس چنا گیا۔
سابق کیوی کپتان ڈینیئل ویٹوری کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا، اس ایوارڈ کے لیے پاکستانی محمد حفیظ کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔
خواتین کے ایوارڈز میں ویسٹ کی اسٹیفنی ٹیلر کو ویمن ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر جبکہ انگلینڈ کی سارہ ٹیلر کو ویمن ٹیٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلیے نامزد کیا گیا۔