Dawn News Television

شائع 19 ستمبر 2012 11:10am

بلوچستان کیس میں حکومت کا جواب مسترد

اسلام آباد: پاکستان کی سپریم کورٹ نے صوبہ بلوچستان میں بدامنی سے متعلق سیکریٹری داخلہ و خارجہ  کے مشترکہ جواب مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔

 بدہ کو پانچ رکنی بنچ نے بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت کے دوران سیکریٹری داخلہ کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوراً پیش ہونے کی ہدایت جاری کی اور خبردار کیا کہ ان کی غیر حاضری پر گرفتاری کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

 جس پر سیکریٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ وہ بیمار ہیں اور چھٹی پر تھے تاہم عدالت کے حکم پر وہ بیماری کے باوجود حاضر ہوئے ہیں۔

 چیف جسٹس نے اس موقع پر موجود سیکریٹری دفاع اور داخلہ سے کہا کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے۔

 قبل ازیں، سماعت کے دوران ایک موقع پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور اٹارنی  جنرل عرفان قادر کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ وہ سپریم کورٹ کا حکم کیوں نہیں پڑھتے۔ جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ  آپ کا حکم بہت 'مبہم' ہوتا ہے۔

 کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی ہے۔

Read Comments