Dawn News Television

شائع 19 ستمبر 2012 11:45am

مستونگ میں دھماکہ، تین افراد ہلاک

کوئٹہ: سرکاری ذرائع کے مطابق، منگل کے روز ایک گاڑی میں دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک بس اہل تشیع زائرین کو لے جارہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے۔

 آر سی ڈی شاہراہ کے قریب پیش آنے والے اس حملے کی ذمہ داری جیش اسلام نے قبول کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بس میں آگ لگنے کی وجہ سے  تین افراد جھلس گئے۔

 حکام کے مطابق، بس زائرین کو سرحدی علاقے تافتان سے کوئٹہ لے جارہی تھی  اور زائرین ایران کے مقدس مقامات کا دورہ کرکے لوٹ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کے گاڑی کوئٹہ سے تقریباً پینتیس کلومیٹر دور کھڑی تھی۔ جیسے ہی بس قریب آئی تو دھماکہ ہوگیا۔

 ذرائع کے مطابق، دھماکے کے بعد بس میں رکھے گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی۔

 مستونگ کے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دھماکے میں بس کی صفائی ستھرائی پر معمور شخص سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔

 انہوں نے کہا کہ لیوی کے تین اہلکار، دو خواتین، تین بچے اور ڈرائیور زخمی ہوئے۔ لیوی کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق، لاشیں شناخت کے قابل نہیں ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ لیوی کے تین اہلکار دھماکے کی شدت کی وجہ سے زخمی ہوئے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دھماکہ خودکش حملہ ہوسکتا ہے تاہم حتمی وجوہات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گیں۔

Read Comments