Dawn News Television

شائع 29 ستمبر 2012 06:57pm

'آئی ایس آئی کھر، بلاول مخالف مہم میں ملوث نہیں'

اسلام آباد: پاکستان فوج نے ایک برطانوی اخبار کی اس رپورٹ کی سختی سے تردید کی ہے جس میں  کہا گیا ہے کہ  وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور بلاول بھٹو زرداری کو بدنام کرنے کی مہم  میں آئی ایس آئی ملوث ہے۔

پاکستان فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر نے ٹیلیگراف کی رپورٹ  کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس آئی پر  لگائے گئے الزامات  بے ہودہ ہیں۔

ترجمان  نے تردید کی ہے کہ  آئی ایس آئی  وزیر خارجہ اور بلاول کو بد نام کرنے کی کسی مہم کا حصہ ہے۔

ترجمان کے مطابق  کھر اور  آئی ایس آئی کے درمیان  کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار کو ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے خبر کی اشاعت سے پہلے  تصدیق کر لینا چاہیے تھی۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان برطانوی اخبار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حقوق محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیلی گراف نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چند سینئیر رہنماؤں کے خیال میں آئی ایس آئی کھر سے ناخوش ہے۔

ان کا ماننا ہے کہ خفیہ ایجنسی وزیر خارجہ کی بلاول بھٹو زرداری سے ممکنہ شادی کی افواہیں پھیلا کر انہیں بدنام کرنا چاہتی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق پی پی پی کے ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی جبری گمشدگیوں پر اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کو پاکستان بلانے پر کھر سے ناراض ہے۔

Read Comments