Dawn News Television

شائع 18 اکتوبر 2012 11:45pm

فیصل رضا عابدی کا چیف جسٹس کے استعفے کا مطالبہ

اسلام آباد: سینیٹر فیصل رضا عابدی نے سینٹ اجلاس کے دوران چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افتخار چوہدری نے ازخود کارروائی کے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور وہ سپریم کورٹ کا لیٹرہیڈ خاندان کے لیے استعمال کر کے  آئین  کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

جمعرات کے روز سینیٹ میں بولنے کی اجازت  نہ ملنے پر سینیٹر فیصل رضا عابدی نے  چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے قریب  دھرنا دینے کی کوشش کی تاہم بعدازاں اجازت ملنے پر فیصل رضا عابدی  نے چیف جسٹس  افتخار محمد چوہدری اور رجسٹرار سپریم کورٹ سے استعفے کا مطالبہ  کیا۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آئین  کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ میری شکایت موصول ہونے پر چیف جسٹس کو سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلانا چاہیے تھا۔

سینیٹر فیصل رضا عابدی نے الزام  عائد کیا کہ  چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ازخود  کارروائی کے اختیار کو غلط استعمال کیا اور عدالتی روایات کے خلاف بے تحاشہ حکم امتناعی جاری کیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میری شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے جسٹس تصدق جیلانی فوری طور پر سپریم  جوڈیشل کونسل کا اجلاس  بلائیں۔ سینیٹر فیصل رضا عابدی نے  چیف جسٹس کےخلاف اہم دستاویزات چیئر کے حوالے کر دیں۔

فیصل رضا عابدی نے کہا کہ  جو کچھ کہتا رہا  پارلیمنٹ اور عدلیہ کی اجازت سے  کہا۔ انہوں نے کہا کہ  سپریم کورٹ کا لیٹر ہیڈ چیف جسٹس نے اپنے خاندان کیلیے کیسے استعمال کیا۔ انہوں نے رجسٹرار کا لیٹر بھی ایوان میں پیش کر دیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ فوج اور عوام پر حملہ کرنیوالوں کو چیف جسٹس نے رہا کیا جبکہ ان کے بیٹے نے باپ کا نام استعمال کر کے بدمعاشی کی۔

سینیٹر فیصل رضا عابدی کی تقریر کے موقع پر ایوان بالا میں وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سمیت حکمران جماعت کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

Read Comments