Dawn News Television

شائع 19 اکتوبر 2012 09:05pm

دھاندلی کے ذمےداروں کیخلاف کارروائی ہوگی، وزیرِ اعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت اصغرخان کیس میں سپریم کورٹ کی حکم کے مطابق آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔ تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں گے اور معاملے کی صاف و شفاف تحقیقات ہونگی۔

وزیرِاعظم نے آج سپریم کورٹ کی جانب  سےاصغرخان کیس میں فیصلہ آنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انیس سو نوے کے انتخابات میں ساستدانوں میں رقوم کی تقسیم کے کیس میں عدالت نے عین انصاف کی روح کے مطابق فیصلہ دیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت کی فتح کا دن ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ رقوم لینے والے قوم سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج جمہوریت کی فتح کا دن ہے ۔

اسٹیبلشمنٹ نے بائیس برس قبل عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا لیکن تاریخ نے سچ اُگل کر پیپلز پارٹی کو سُرخ رُو کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی اور قوم کی ایک ایک پائی وصول کی جائے گی۔ جن لوگوں پر الزامات ہیں ان کی مکمل تحقیقات ہوگی اور پیسے لینے والوں کو شاید قوم تو معاف کردے لیکن وہ سزاسے نہیں بچیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں آئی ایس آئی میں کوئی سیاسی سیل نہیں اور نہ ہی آج ایوانِ صدر میں کوئی سیاسی سیل کام کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں جو کچھ نتائج آئیں گے وہ قوم کے سامنے رکھیں گے اور ایف آئی اے آئین و قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں آزاد الیکشن کمیشن موجود ہے اور سب سے بڑا ٹاسک ملک میں شفاف انتخابات کرانا ہے۔

Read Comments