Dawn News Television

شائع 14 نومبر 2012 10:58am

سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے خلاف کیس نمٹا دیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائک کا کہنا تھا کہ اکتوبرکے حکم کے دونوں حصوں کی تعمیل کردی ہے۔

جسٹس انور ظہیرجمالی کی سربراہی میں کام کرنے والے پانچ رکنی لارجر بینچ نے کیس ختم کرتے ہوئے اپنے آرڈر میں کہا  کہ عدالت کے حکم پر عمل ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خط سفارتی ذرائع سے بھجوایا گیا ہے۔

فاروق نائک کا کہنا تھا کہ نومبرکو خط جنیوا کے اٹارنی جنرل کو موصول ہوگیا ہے اور وزیراعظم کو سمری اور اس کی منظوری کی نقل بھی جمع کرادی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کا کیس ختم کیا جائے۔

دریں اثناء سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کا کیس نمٹا دیا اور وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم ہوگئی۔

بعد میں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ انصاف اور جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔

فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ حکومت نے عدالت کے ہر حکم کی تعمیل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خط لکھ دیا ہے اور اب معاملہ اٹارنی جنرل جنیوا کے ہاتھ میں ہے۔

وزیرقانون کا کہنا تھا کہ خط مجبوری میں نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق لکھا ہے۔ ان کے مطابق سوئزرلینڈ میں کوئی کرمنل کیس زیر سماعت نہیں ہے۔

Read Comments