Dawn News Television

شائع 20 نومبر 2012 10:52am

رمشاء مسیح کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے رمشاء مسیح کے خلاف مقدس اوراق کی توہین کیے جانے سے متعلق درج کی جانے والی ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

رمشاء مسیح کیس کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمن نے پولیس کو رمشاء مسیح کے خلاف درج ایف آئی آر خارج کرنے کا حکم دیا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ رمشاء مسیح پرقرآنی اوراق جلانے کا الزام لگایا گیا تھا، تاہم کسی نے رمشاء کو مقدس اوراق کی توہین کا مرتکب ہوتے نہیں دیکھا۔

چشم دید گواہ سامنے نہ آنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے پولیس کو حکم دیا کہ رمشاء مسیح کےخلاف مقدس اوراق نذرآتش کیے جانے سے متعلق درج ایف آئی آر فوری طور پر خارج کی جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے نواحی گاؤں کی رہائشی رمشا کو سولہ جولائی کو ایک مقامی شخص کی شکایت پر پولیس نے توہین مذہب کے قانون کے تحت گرفتار کیا تھا۔

سات ستمبر کو عدالت نے رمشا کو پانچ پانچ لاکھ کے دو مچلکوں پر اڈیالہ جیل سے ضمانت پررہا کرنے کا حکم دیا۔

آٹھ ستمبر رہائی کے بعد رمشا کو سخت حفاظتی نگرانی میں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔

Read Comments