Dawn News Television

شائع 04 دسمبر 2012 11:36am

یوٹیوب کھولنے کے احکامات جاری نہیں کیے، پی ٹی اے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وضاحت کی ہے کہ  ملک میں یوٹیوب ویب سائٹ بحال کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے گئے۔

 واضح رہے کہ اسلام مخالف فلم کی موجودگی کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر پی ٹی اے نے سوشل ویب سائٹ کو بلاک کردیا تھا۔

 سترہ ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ جب تک یوٹیوب گستاخانہ مواد کی حامل فلم نہیں ہٹائے گا اس وقت تک پابندی برقرار رکھی جائے گی۔

 گزشتہ روز ویب سائٹ بحال کیے جانے سے متعلق افواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی اے کے ترجمان نے پیر کو کہا کہ 'اتھارٹی نے ایسے کوئی احکامات جاری کیے اور نہ ہی اسے حکومت نے ایسی کوئی ہدایات دی ہیں'۔

 پریس ریلیز کے مطابق، اتھارٹی نے الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والے ٹکرز کا بھی نوٹس لیا اور انٹر نیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں کو یوٹیوب نہ کھولنے کی ہدایت کی۔

 پی ٹی اے نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے یوٹیوب کھولنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

Read Comments