Dawn News Television

شائع 14 دسمبر 2012 09:05pm

عدالتی نوٹس کا قانونی جواب دیں گے، الطاف حسین

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے نوٹس کا آئینی اور قانونی طریقے سے جواب دیا جائے گا، عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں ہر طرح کی مدد اور تعاون کے لیے تیار ہیں۔

یاد رہے کہ جمعہ کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو عدلیہ کیخلاف تضحیک آمیز زبان استعمال کرنے کے الزام میں توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

کراچی میں کارکنوں سے خطاب میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے توہین عدالت کے نوٹس کے معاملے پر شور کیا جائے گا اور نہ احتجاج۔ ہم آئینی اور قانونی ماہرین کی مشاورت سے جواب دیں گے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ان کا دامن صاف ہے اور ۔ عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں جس طرح کی مدد  درکار ہو گی، ہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے دفتر آنے کی خواہش ظاہر کی اور دورہ بھی کیا۔

الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ عدلیہ سانحہ علی گڑھ اور پکا قلعہ کانوٹس لے، وہ اس سلسلے میں عدالت کو تمام ثبوت دینے کیلیے تیار ہیں۔

ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ انھیں ختم کرنے کی کوششیں پینتیس سال سے کی جارہی ہیں لیکن الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو جھوٹا کہنے والوں کا انجام دنیا نے پہلے بھی دیکھا اور آئندہ بھی دیکھے گی۔

Read Comments