Dawn News Television

شائع 22 دسمبر 2012 06:37pm

پشاور دھماکہ: صوبائی وزیر بشیر بلورسمیت نو افراد ہلاک

پشاور: پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کے قریب ڈھکی نعلبندی کےعلاقے میں خود کش حملے کے نتیجے میں خیبر پختونخواہ کے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور سمیت نو افراد ہلاک ہوگئے۔

بشیر بلور کو شدید زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

اسپتال حکام کے مطابق، صوبائی وزیر کو پیٹ اور سینے پر شدید زخم آئے تھے۔

پولیس اور اسپتال حکام نے ایک ایس ایچ او اور بشیر بلور کے سیکریٹری سمیت دیگر آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

اسکے علاوہ حملے میں اٹھارہ افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہیں۔

دھماکے کا ہدف عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا اجلاس تھا جس میں پارٹی کے کئی رہنما اور کارکن شریک تھے۔

دوسری جانب ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے سے نامعلوم مقام سے بات کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بشیر بلور کی ہلاکت اور پشاور دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

Read Comments