Dawn News Television

شائع 29 دسمبر 2012 09:04pm

'پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے'

کراچی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیا نی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گذر رہا ہے۔

 وہ ہفتہ کو پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاکستان نیوی مڈ شپ مین کی 98 ویں ٹرم اور شارٹ سروس کمیشن آفیسرز کے 7 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کر رہے تھے جس میں کل 118 افسران نے کمیشن حاصل کیا۔

 خطاب کو دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتے ہوئے بیرونی حالات اور کافی حد تک غیر یقینی اندرونی صورتحال نے بے شمار سیکیورٹی چیلنجز کو جنم دیا ہے۔

 'آج ہمارامقابلہ ایک ایسے دشمن سے ہے جس کی کوئی واضح شکل ہمارے سامنے نہیں جبکہ روایتی خطرات بھی کئی گنا بڑھ چکے ہیں، تمام خطرات کا مقابلہ قوم کی اجتماعی کوشش سے ہی کیا جاسکتا ہے جس میں مسلح افواج کا مرکزی کردار ہے جو وہ دیگر ریاستی عناصر سے ہم آہنگ رہتے ہوئے اد ا کررہی ہیں۔'

 چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ موجودہ حالات میں سمندر کی جانب سے ہماری خود مختاری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک مضبوط اور جدید بحریہ کا وجود ناگزیر ہے، یہ بات بھی انتہائی اہم ہے کہ ہم اپنی قوت میں اضافہ کریں اور اسی پر انحصار کریں۔

 انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان نیوی اپنی خود انحصاری کی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کر رہی ہے اور پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ اس منزل کی طرف رواں دواں ہے۔

 مہمان خصوصی نے کمیشن حاصل کرنے والے افسران پر زور دیا کہ وہ ملک اور سروس کے مفادات کو ہمیشہ فوقیت دیں اور کبھی بھی اپنے ذاتی احساسات کو اس قومی فریضے پر ترجیح نہ دیں جو انہیں تفویض کیا گیا ہے۔

 انہوں نے اس موقع پر افسران کو کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران، سول سروس سے تعلق رکھنے والے افسران، غیر ملکی مندوبین اور کمیشن حاصل کرنے والے افسران کے والدین اوران کے اہل خانہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Read Comments