Dawn News Television

شائع 06 جنوری 2013 01:20pm

وزیرستان میں ڈرون حملے میں 17 افراد ہلاک

پشاور: پائلٹ کے بغیر حملہ کرنے والے طیارے ڈرون سے جنوبی اور شمالی وزیرستان میں میزائل داغے گئے جن میں ڈان نیوز کے مطابق اب تک 17  افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مختلف نشانوں پر ڈرون نے دس میزائل فائر کئے جن میں سات افرادزخمی  بھی ہوئے ہیں۔

شبہ ہے کہ اس حملے میں شدت پسند گروہ کے اہم کمانڈر بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بابر گڑھ علاقہ جو شمالی اور جنوبی وزیرستان کے بیچ واقع ہے وہاں چار ڈرونز نے دس کے قریب میزائل داغے۔ اس حملے میں تحریکِ طالبان پاکستان سے وابستہ کمانڈر عمران پنجابی کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

حملے میں تین مکانات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان حملوں کے بعد بھی علاقے کی فضاؤں میں ڈرون پروازیں دیکھی گئیں جبکہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

آفیشل ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ڈرون حملوں میں خودکش حملوں کے ماسٹر مائنڈ ولی محمد الیاس عرف طوفان محسود بھی ہلاک ہو گئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ولی تحریک طالبان پاکستان کے قائد حکیم اللہ محسود کے کزن تھے۔

Read Comments