Dawn News Television

شائع 15 جنوری 2013 04:59pm

پاکستانی کھلاڑیوں کی انڈین ہاکی لیگ سے واپسی

کراچی: ہندوستانی میڈیا کے مطابق، انڈین ہاکی لیگ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کے وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ہندوستانی انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے احتجاج کے بعد کھلاڑیوں کی ٹریننگ کو پہلے ممبئی سے دہلی منتقل کیا گیا تھا۔

لیگ میں شامل پانچ ٹیموں میں سے چار میں پاکستانی کھلاڑی شامل کیے گئے تھے۔

رضوان سینیئر ار رضوان جونیئر دہلی ویو رائڈرز، شفقت رسول، محمد عرفان رانچی رائنوز، محمد توثیق، راشد محمود ، فرید احمد اور عمران بٹ ممبئی مجیشنز جبکہ کاشف شاہ پنجاب واریئرز کی نمائندگی کر رہے تھے۔

انڈین میڈیا کے مطابق، پاکستانی کھلاڑیوں کو آج شام وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)  کے مطابق، کھلاڑیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستانی کھلاڑیوں کا ہندوستان میں کھیلنا سازگار نہیں ہے جبکہ کھلاڑیوں کے لیگ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود پوری رقم ملے گی۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر  پاک ہندوستان سرحد پر دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے جسکے نتیجے میں اب تک دو پاکستانی اور دو ہندوستانی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

Read Comments