Dawn News Television

شائع 16 جنوری 2013 07:34pm

اپوزیشن جماعتوں کا جمہوریت کے تحفظ کا عزم

رائے ونڈ: اپوزیشن جماعتوں نے بدھ کے روز جمہوریت کے تحفظ کا عزم اور بروقت انتخابات کا مطالبہ کردیا ہے۔

حزب اختلاف کی جماعتوں کے رائے ونڈ میں ہونے والے اجلاس میں جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی کوئی سازش کامیاب نہ ہونے دینے کا عزم کیا گیا۔

اجلاس میں شریک تمام جماعتوں اور رہنماؤں نے بروقت انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کیا اور عام انتخابات کا التوا کسی صورت برداشت نہ کرنے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں ہر حال میں آئین اور قانون کی حکمرانی کا عزم بھی کیا گیا۔

اس سے قبل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کی جماعت اقتدار کے لئے نہیں بلکہ جمہوریت کے لئے سرگرم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی کو جمہوریت پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ عوام جمہوریت کے تحفظ کے لئے ڈٹ گئے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل کرتی تو حالات مختلف ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔

جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام جماعتیں کسی بھی غیر آئینی اقدام کیخلاف بھرپور مزاحمت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اب عام انتخابات میں تاخیر کے بجائے ان کے انعقاد کا  فوری اعلان کرے۔

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے مطابق، غیر جمہوری قوتوں کو کوئی موقع فراہم نہیں کرنا چاہیئے۔

پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ سیاست میں 'مسخروں' کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔۔

کانفرنس میں طلال اکبر بگٹی، محمود خان اچکزئی، حامد ناصر چٹھہ، ہارون اختر، غلام مصطفی کھر سمیت اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

Read Comments