Dawn News Television

شائع 18 جنوری 2013 06:51pm

طاہرالقادری انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں

اسلام آباد: تحریک منہاج القرآن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سیاسی اصلاحات اور کرپشن کے خاتمے کیلیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ طاہرالقادری نے اسلام آباد میں ہزاروں مظاہرین کے دھرنے کی قیادت کی تھی تاہم جمعرات کو حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد احتجاج ختم کرنے پر رضامند ہوگئے تھے۔

سیکرٹری انفارمیشن فیض الاسلام کے مطابق، انتخابابی اصلاحات کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد اب وہ انتخابی عمل کا حصہ بن چکے ہیں اور آنے والے عام انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ طاہرالقادری کا وزیراعظم بننے کا ارادہ نہیں ہے۔

معاہدے کے مطابق، طاہرالقادری کو نگران حکومت تشکیل دینے کے مرحلے کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ اسمبلیاں 16 مارچ کو تحلیل کردی جائیں گی تاہم کوئی مخصوص تاریخ وضح نہیں کی گئی۔

معاہدے میں مزید کہا گیا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ انتخابی اصلاحات پر بات چیت جاری رہے گی۔

فیض الاسلام کے مطابق، معاہدے پر مکمل عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت معاہدے سے انحراف کرتی ہے تو میڈیا اور لوگوں کی طاقت سے اسکا مقابلہ کیا جائے گا۔

Read Comments