Dawn News Television

شائع 27 جنوری 2013 09:04pm

پی پی پی صوبے کے قیام میں مخلص نہیں، مسلم لیگ ن

اسلام آباد: قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان نے بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کے حکومتی اعلان پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) صوبے کے قیام میں مخلص نہیں۔

اتوار کو ڈان نیوز کے مطابق، چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری سوداگری کے ماہر ہیں تاہم نیا صوبہ بنانا سوداگری یا لین دین نہیں ہے ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ  گورنر پنجاب نے بہاولپور کے عوام کا سودا کیا ہے، بہاولپور صوبے کی علیحدہ قرارداد منظور ہوچکی ہے،

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ملک کے حالات گھمبیر ہیں، موجودہ مسائل نئے صوبوں کے قیام سے حل نہیں ہو سکتے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ن لیگ کی اکثریت کے باوجود  صوبے بنانے کیلیے کمیشن کی تشکیل سے متعلق مشاورت نہیں کی گئی بلکہ خود ساختہ قومی کمیشن بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام سے متعلق کمیشن وفاق نے نہیں بلکہ صدر زرداری نے بنایا جس کا وہ اختیار  نہیں رکھتے۔

ان کے مطابق، صدر زرداری کے اسٹاف آفیسر کو قومی کمیشن کا چیئرمین بنادیا گیا اور کمیشن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین لیے گئے جن کا پنجاب میں ایک کونسلر بھی نہیں ہے۔

چوہدری نثار علی خان نے اس امید کا اظہار کیا کہ نگران وزیراعظم غیرجانبدار ہوگ۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے انتخاب کے لیے تحریک انصاف سے بھی مشاورت کریں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کرپٹ، نادہندہ اور بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔

Read Comments