Dawn News Television

شائع 13 جون 2012 04:18pm

ہندوستانی فنکاروں کا مہدی حسن کو خراج تحسین

مہدی حسن کے انتقال پر پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں پر افسردگی طاری ہے ۔ ہندوستان میں موسیقی سے وابستہ اہم شخصیات نے کہا ہے کہ مہدی حسن کا خلاء کبھی پُر نہیں ہوگا۔

لتامنگیشکر دنیا بھر میں بلبلِ ہند کا خطاب پانے والی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کا کہنا ہے کہ مہدی حسن کا درجہ ان کیلئے ایشور جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہدی حسن کے انتقال پر انہیں بہت صدمہ پہنچا ہے۔

لتا کا کہنا تھا کہ انہوں نے مہدی حسن کی علالت کے دوران انہیں ٹیلی فون کیا لیکن وہ کسی کو پہچان نہیں پاررہے تھے۔

جاوید اختر بے شمار مقبول گیتوں اور غزلوں کے خالق جاوید اختر نے کہا کہ غزل کو مہدی حسن نے ایک نیا نکھار دیا۔

'مہدی حسن کسی کی گونج نہیں اپنی آواز تھے۔ان کا مقابلہ کسی سے بھی نہیں کیا جاسکتا۔'

پنکج ادھاس

غزل گائیکی کے حوالے بین الاقوامی شہرت رکھنے والے پنکج ادھاس کا کہنا تھا : 'جگجیت سنگھ اور مہدی حسن تھے تو وہ سمجھتےتھے کہ فن کی دنیا میں ان کے بڑے موجود ہیں جن کے دامن میں انہیں سکھانے اور بتانے کیلئے بہت کچھ ہےلیکن اب دونوں نہیں رہےتو وہ تنہا محسوس کرنے لگے ہیں'۔

ہری ہرن

ہندوستان میں غزل گائیکی کے افق پر ایک اور دمکتے ستارے ہری ہرن نے کہا کہ انہیں اپنی چمک ماند پڑتی لگنے لگی ہےکیونکہ وہ مہدی حسن کو گرو مانتے تھے اور اب ان کا یہ گرو دنیا میں نہیں رہا۔

Read Comments