پاکستان

پشاور: بس نالے میں گرنے سے 13 باراتی ہلاک

چارسدہ روڈ پر باراتیوں کی بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر برساتی نالے میں جا گری، خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد ہلاک۔

پشاور: چارسدہ روڈ پر باراتیوں کی بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر برساتی نالے میں جا گری جس کے نتیجہ میں آٹھ خواتین اور پانچ بچوں سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق باراتیوں سے بھری ایک بس پشاور سے چارسدہ روڈ پر جارہی تھی کہ چرگوکلے بڈھنی پل کے قریب بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہو کر برساتی نالے میں جا گری۔

اسسٹنٹ کمشنر پشاور ذیشان سکندر نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں خواتین اور بچوں سمیت 45 افراد سوار تھے، نالے میں طغیانی کے باعث خواتین اور بچوں سمیت بہت سے لوگ اس میں بہہ گئے، 20 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ بقیہ کی تلاش جاری ہے۔

حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں کیں جبک بروقت اطلاع پر ریسکیو 1122 کا عملہ بھی موقع پر پہنچا جنہوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے برساتی نالے سے لاشیں برآمد کیں۔