Dawn News Television

شائع 25 فروری 2013 12:23am

بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن: ملک تاریکی میں ڈوب گیا

کراچی: نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے سسٹم میں خرابی کے باعث راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور نصف سے زائد ملک تاریکی میں ڈوب گیا۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث کراچی، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، کوئٹہ، پشاور اور دیگر چھوٹے بڑے شہر تاریکی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ منگلا اور تربیلا پاور ہاؤس بھی ٹرپ کر گئے ہیں۔

نیشنل گرڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بارہ سو میگا واٹ کے پلانٹ میں خرابی کی وجہ سے پانچ سو کے وی کی بیشتر لائنیں بند ہو گئی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ فنی خرابی کو جلد سےجلد ٹھیک کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وزارت پانی و بجلی کے حکام کے مطابق حب کو پور پلانٹ کا1200 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کا سسٹم ٹرپ کر گیا تھا۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ افسران تکنیکی خرابی کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ حبکو پاور پلانٹ کی خرابی کو ہنگامی بنیادوں پر ٹھیک کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام شہروں میں بجلی بحال کرنے میں چند گھنٹے لگیں گے۔

آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی بحالی میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگیں گے۔

بجلی کے بریک ڈاؤن سے کراچی میں 36 گرڈ اسٹیشن ٹرپ کر گئے ہیں اور شہر کا 70 فیصد سے زائد حصہ تاریکی میں ڈوب گیا ہے۔

شہر قائد کے متاثرہ علاقوں میں نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ کراچی، گلستان جوہر، سلطان آباد، گلشن معمار، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، پی آئی بی کالونی، تین ہٹی، لی مارکیٹ، ڈیفنس، ملیر اور شاہ فیصل کالونی سمیت کئی علاقے شامل ہیں جبکہ کراچی ایئرپورٹ بھی اندھیرے میں ڈوب گیا۔

کے ای ایس سی حکام کے مطابق ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے اور ہنگامی بنیادوں پر اسے درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بجلی کے بریک ڈاؤن سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد شہروں کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

مزید براں جامشورو اور گڈو تھرمل پاور میں  فنی خرابی کے باعث حیدرآباد، سکھر، دادو، خیرپور، جامشورو، گھوٹکی سمیت کئی شہر اور اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سولہ اضلاع بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے تاریکی میں ڈوب گئے۔

کیسکو حکام کے مطابق اب تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ ٹرانسمیشن لائن میں کوئی تکنیکی خرابی آئی ہے یا پھر ٹرانسمیشن لائن کو ماضی کی طرح بم دھماکوں سےاڑایا گیا۔

کیسکو حکام کے مطابق اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ٹرانسمینش لائن میں کہاں خرابی آئی ہے۔

وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بریک ڈاؤن کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر اعظم کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم اس معاملے کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Read Comments