اسلام آباد: ڈان نیوز کے مطابق قومی اسمبلی بائیس جون کو نئے وزیر اعظم کا انتخاب کرے گی۔
حکمراں جماعت کے رہنما سید خورشید شاہ نے بدھ کے روز میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کو شام ساڑھے پانچ بجے طلب کر لیا گیا ہے۔
شاہ کے مطابق عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی کل بروز جمعرات تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق اس وقت وزیر اعظم کے عہدے کیلئے تین مضبوط امیدوار ہیں جن کا تعلق ختم ہونے والی کابینہ سے ہے ۔
اطلاعات کے مطابق عہدے کیلئے احمد مختار، خورشید شاہ، قمر زماں کائرہ اور مخدوم شہاب الدین کے نام زیر غور ہیں۔
منگل کو وزیر اعظم کی نااہلی کے بعد ایوان صدر میں منعقدہ اتحادی جماعتوں کے اہم اجلاس میں شریک ہونے والے ایک رہنما نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اجلاس میں وزیر اعظم کے عہدے کیلئے کسی مخصوص نام پر غور نہیں کیا گیا ماسوائے ان ناموں کے جو پہلے ہی میڈیا میں آ رہے ہیں۔
دوسری جانب جمعیت علما اسلام (فضل الرحمن) نے صدر آصف علی زرداری کی حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر نے اپنے معتمد کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شامل ہونے کی صورت میں تین وزارتوں کی بھی پیشکش کی تھی۔
جمعیت علما اسلام (ف) نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ حتمی تھا، جسے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔