Dawn News Television

شائع 30 جون 2012 07:23pm

علیم ڈار کیلئے نیا اعزاز

پا کستانی امپائرعلیم ڈارنےڈیڑھ سو ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کرنے کا نیا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

جمعے کے روز لارڈز میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ایک روزہ میچ چوالیس سالہ علیم ڈار کےکیرئیر کا ایک سو پچاسواں  ون ڈے میچ تھا۔

میچ کی اختتامی تقریب میں میچ ریفری جواگل سری ناتھ نے انہیں آئی سی سی کی جانب سے ٹرافی پیش کی۔

علیم ڈار نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فروری، دو ہزار میں گوجرانوالہ میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ سے کیا۔

دو ہزار دو میں وہ آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل ہوئے جبکہ اپریل، دو ہزار چار میں وہ الیٹ پینل کا حصہ بنے۔

وہ مسلسل تین مرتبہ آئی سی سی کی جانب سے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں ۔

سترہ اکتوبر، دو ہزار سات کو آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والا میچ ان کے کیرئیر کا ایک سواں میچ تھا۔

اب تک صرف چھ امپائرعلیم ڈار سے زیادہ ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن دو سو سے زیادہ ون ڈے میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

Read Comments