کوئٹہ: سریاب روڈ پر دھماکہ، بچہ ہلاک
کوئٹہ: کوئٹہ کی سریاب روڈ پر حق باہو ہاؤس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکہ خیز مواد ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جبکہ اس کا ہدف حلقہ پی بی چھ کے آزاد امیدوار شمس مینگل تھے۔
واقعے کے وقت شمس مینگل کی انتخابات سے متعلق کارنر میٹنگ جاری تھی۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔
تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں اس علاقے کو مقامی عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
انتخابات کے قریب آنے کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر، انتخابی امیدواروں اور سیاسی کارکنوں پر شدت پسندوں کے حملے جاری ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان طالبان کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے انتخابی جلسوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کی وجہ سے پانچ افراد مارے گئے تھے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ منگل سے لیکر اب تک پیش آنے والے سات دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کے دوران 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔