Dawn News Television

شائع 06 جولائ 2012 02:06pm

عشق بے معاش

کوئی زمانہ تھا کراچی کے جو نوجوان کوشش کے باوجود لڑکی پھانسنے میں ناکام تھے وہ اس بات پر اتفاق کرنے لگے کہ ان میں صورت شکل کی کوئی کمی ہے نا ہی خود اعتمادی کی۔ اور ڈائیلاگ بھی وہ انڈیا کی اے فلموں سے اٹھاتے ہیں۔ اگر کمی ہے تو اپنے فون، اپنی کار اور اپنے فلیٹ یا کمرے کی۔ یہ تین ضروریات پوری ہو جائیں تو سمجھو ہر روز نئی ڈیٹ۔

حال ہی میں لڑکے سے مرد بننے والے اور سائیکل یا بس ویگن سے ترقی کر کے موٹر سائیکل کو ذاتی سواری بنانے والے یہ نوجوان یوں اپنی چمکتی دمکتی یاماہا اور کاواساکی پر بہت اتراتے تھے لیکن لڑکیوں کے رویے نے انہیں سکھایا تھا کہ وہ موٹر سائیکل پر ڈیٹ مارتے ہوئے کچھ بے پردگی محسوس کرتی ہیں، اور پھر گاڑی کے بغیر ڈرائیو تھرو سینما بھی نہیں جا سکتے تھے جو غیر موزوں حرکات کے لیے سب سے موزوں جگہ ہوا کرتی تھی، اور اس سے بھی بہتر اپنا یا کسی دوست کا فلیٹ۔ اور  ٹیلی فون کے بغیر تو لڑکی سے بات کرنا ممکن ہی نہیں تھا۔ یہ تینوں ضروریات کبھی ایک وقت میں پوری نہیں ہو سکتی تھیں جب تک ان کے پاس ڈھیر سا پیسہ نہ ہو۔

ان دل جلوں کی یہ سوچ، بھلے وہ صحیح تھی یا غلط، اس صنعتی اور پیشہ وارانہ ترقی کا سبب بنی جس کے لیے آج کراچی جانا جاتا ہے۔ سیٹھوں اور بنیوں کے اس شہر میں انٹرنیٹ کی شاہراہ تعمیر کر کے اس پر کاروبار کی نئی ٹریفک رواں دواں کرنا اسی نسل کا کام ہے۔ بہت کام کیا انہوں نے اور اس کے صلے میں انہیں رتبہ ملا، عزت ملی، اچھا رشتہ بھی مل گیا، لیکن ایک خلش رہ گئی دل میں، اپنی گاڑی میں، اپنے کمرے میں ڈیٹ مارنے کی۔ انہوں نے کمایا تو بہت لیکن جس مقصد کے لیے انہیں دولت درکار تھی وہ پورا نہیں ہوا۔

اس کہانی سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ کام کرنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔ بلکہ بیشتر مسئلے کام کو اپنی ماں نہیں تو دایا ضرور مانتے ہیں۔ بہت سے شریف لوگ جو محنت اور ایمانداری سے ہر روز کام کرتے ہیں اور برسوں تک کیے چلے جاتے ہیں، وہ چالیس برس کی نوکری میں کبھی کچھ بناتے نہیں، کچھ پیدا نہیں کرتے۔ وہ صرف ایسے لوگوں کو خدمات فراہم کرتے ہیں جو ایسی کمپنیوں کو اپنی خدمات دیتے ہیں جو صنعتکار کو خدمات پیش کرتا ہے۔ ایک بندے کے کام کی وجہ سے ہزار بندوں کو کام کرنا پڑتا ہے۔ ہر کوئی دوسرے کے لیے کام پیدا کر رہا ہے، زیادہ اور تیز کام کرنے پر اکسا رہا ہے، ہم سب کی زندگی کو بدرنگ، بدبو اور بدذائقہ مشینی زندگی بنا رہا ہے۔ اور یہ سب کس لیے؟

جب ٹیکنالوجی کا انقلاب لانے والی نسل دن میں نوکری اور شام میں کمپیوٹر کالج کی پڑھائی کر رہی تھی تو ان کے علاقے ہی کے کچھ لڑکے یہ سمجھ چکے تھے کہ ’کام جوان کی موت ہے’ اور اس لیے تعلیم یا کاروبار میں وقت ضائع کرنے کی بجائے وہ اپنی یا مانگی ہوئی سی ڈی 70 پر ڈیٹ مار رہے تھے۔ انہیں فون، فلیٹ اور کار کے نہ ہونے کا  کبھی احساس نہیں ہوا۔ آج بھی جب وہ نسل بڑے بڑے دفاتر چلاتی ہے، لمبی چوڑی میٹنگز کرتی ہے، اور بڑے لوگوں میں اٹھتی بیٹھتی ہے، تو اسی علاقے کے کچھ نوجوان سستے، دیسی موٹر سائکل پر ڈیٹ مار رہے ہوتے ہیں۔ دل والے تو سائکل کے ڈنڈے پر معشوق کو بٹھا کر یا ساحل سمندر پر کدکڑے لگا کر بھی اپنا اور گرل فرینڈ کا دل خوش کر لیتے ہیں۔

جو لوگ زندگی بھر کام کر کے یہ جان چکے ہیں کہ جوانی کام میں کھپانے کی چیز نہیں ہے، انہیں چاہیے کہ وہ ہمارے نوجوانوں کو سکھائیں، انہیں سمجھائیں کہ ان کا دل آج جو خواہش کرتا ہے اسے آج ہی پورا کیا جا سکتا ہے۔ اگر ان کا خیال ہے کہ اس وقت کام میں الجھ کر وہ اتنا پیسہ کما لیں گے کہ پھر آزادی سے اپنے دل کی خواہشات پوری کرتے رہیں گے، تو وہ جان لیں کہ کام کوئی لاٹری نہیں بلکہ لگ جائے تو زندگی بھر کا روگ ہے۔ یہ پیسہ دیتا ہے، اختیارات دیتا ہے، بہت سی سہولیات بھی دیتا ہے، اور اس سب کے بدلے میں آپ سے لیتا ہے آپ کا وقت۔ پورے کا پورا وقت۔ آپ کے پاس اپنے پیاروں کے لیے کوئی وقت بچتا ہے نا ہی اپنے خوابوں کی تعبیر تلاش کرنے کے لیے۔ اگر آپ کی قسمت اچھی ہوئی تو آپ چالیس کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے کر زندگی کو نئے سرے سے شروع کریں گے ورنہ ایک سڑیل اور کھڑوس بزرگ بن کر اپنے خاندان اور محلے کے نوجوانوں کی زندگی مشکل بناتے رہیں گے۔ جب آپ ٹھنڈی آہ بھر کر کہتے ہیں کہ آپ نے تو زندگی بچوں کو پالنے میں صرف کر دی تو آپ جھوٹ کہتے ہیں، اس لیے کہ آپ کے پاس بچوں کے لیے تو کبھی وقت تھا ہی نہیں، آپ تو ساری زندگی صرف کام کی چکی چلاتے رہے۔

سو دوستو، بزرگو، مہربانو، اگر آپ کام کرتے ہیں تو آپ کے پاس دو ہی صورتیں ہیں: جو کر رہے ہیں اور جیسے کر رہے ہیں وہ کرتے رہیں اور ہائی بلڈ پریشر اور شوگر کی گولیاں کھاتے رہیں، اور یا کام چھوڑ کر زندگی جینے اور اس کا مزہ لینے کا آغاز کریں۔ اپنے دل سے پوچھیے اس کی چاہت کیا ہے، اور پھر جو رستہ وہ بتائے اس پر چلنا شروع کر دیجیے۔ خوشیوں کا سٹیشن اسی راستے پر آتا ہے۔


masudalam@yahoo.com

Read Comments