نوازشریف کی مذاکراتی پیشکش خوش آئند ہے، ٹی ٹی پی
پشاور: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد اور نو منتخب وزیراعظم نوازشریف کی مذاکرات کی دعوت خوش آئند ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ مذاکرات سے متعلق لائحہ عمل جلد طے کریں گے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل ن لیگ کے قائد نے اپنے ایک بیان میں پاکستانی طالبان کو امن مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ ن واضح برتری کے ساتھ ابھری ہے جبکہ نواز شریف کو وزیراعظم کی نشست کے لیے نامزد کیے جانے کے واضح امکانات موجود ہیں۔
عام انتخابات سے قبل فروری کے مہینے میں ایک بیان میں نواز شریف نے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت مذاکرات کیلیے بلاتاخیر نتیجہ خیز عمل کا آغاز کرے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ طالبان کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔