دبئی: پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اتوار کے روز چیمپئنز لیگ کے دوران رپورٹ کیے جانے کے باوجود اپنے باؤلنگ ایکشن پر اعتماد کا اظہار کیا۔

امید کی جارہی ہے کہ چونتیس سالہ حفیظ آسٹریلیا کے خلاف بدھ کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں احمد شہزاد کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

تاہم مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کی غیر موجودگی میں توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ حفیظ پانچویں باؤلر کی حیثیت سے باؤلنگ کریں گے۔

انہوں نے کہا: ’مجھے اپنے ایکشن کے حوالے سے کوئی پریشانی نہیں، مجھے جب پہلی مرتبہ (ہندوستان میں) خبردار کیا گیا تھا اس کے بعد اگلے میچ میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا اور میں نے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ثقلین مشتاق کے ساتھ اپنے ایکشن کا معائنہ بھی کروایا اور قوانین کے مطابق میرا ایکشن درست ہے۔‘

سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق ان دنوں اجمل کے ایکشن کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں۔

سعید اجمل ان دنوں آئی سی سی کی جانب سے مشکوک ایکشن کے باعث معطلی کا شکار ہیں۔ ان کے علاوہ سری لنکا کے سچترا سینانائکے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، بنگلہ دیش کے سوہاگ غازہ اور زمبابوے کے پراسپر اتسییا کو بھی معطل کیا جاچکا ہے۔

تمام معطل ہونے والے گیند باز حفیظ کی ہی طرح آف اسپنر ہیں۔

اس سے قبل 2005 میں بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک میچ کے دوران حفیظ کے ایکشن کو رپورٹ کیا جاچکا ہے تاہم انہیں بعد میں کلیئر قرار دے دیا گیا۔

حفیظ نے کہا کہ وہ گزشتہ گیارہ سالوں سے اسی ایکشن کے ساتھ باؤلنگ کررہے ہیں اور انہوں نے اسے تبدیل نہیں کیا اور انہیں اس پر پورا اعتماد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں اور ایک روزہ سیریز نہ کھیل پانے پر انہیں افسوس ہے۔

ایک روزہ سیریز میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں تین صفر کی شکست ہوئی تھی۔

ابھی حال ہی میں چار روزہ میچ میں پاکستان اے نے آسٹریلیا کو 153 رنز سے شکست دی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں