پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کی جائیں گی، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2014
وزیراعظم نواز شریف—اے پی فائل فوٹو۔
وزیراعظم نواز شریف—اے پی فائل فوٹو۔

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے بدھ کے روز کہا کہ ان کی حکومت آئندہ ماہ دوبارہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے گی۔

توانائی کے حوالے سے ایک اجلاس کے بعد پی ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ٹیوب ویلز کے بجلی کے بلوں میں کمی ہوگی جس کا فائدہ کاشتکاروں کو پہنچے گا جبکہ عام عوام بھی ٹرانسپورٹ میں کرایوں میں کمی کے باعث فیصلے سے مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے حکومتی فیصلے سے عوام پر افراط زر کا دباؤ کم ہوا جبکہ ان کی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا: ’ہم اس مرتبہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مناسب کمی کا اعلان کریں گے'۔‘

انہوں نے چین کے ساتھ حالیہ معاہدوں کو ’گیم چینجر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور ہاؤسز کے قیام سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 'جو دھرنے دے رہے ہیں وہ چاہیں گے کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہو لیکن میں نے اسے ختم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور ہم اپنے دورِ حکومت ہی میں اس مسئلے کو حل کریں گے'۔

شریف صاحب نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ متعدد سالوں کے دوران جمع ہونے والے مسائل کا کوئی فوری حل نہیں، ہم اپنی طرف سے اس مسئلے کو حل کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں اور ایک مرتبہ یہ مسئلہ حل ہوگیا تو یہ قوم کی بڑی خدمت ہوگی۔‘

انہوں نے دھرنوں کے باعث چینی صدر کے دورہ پاکستان کی معطلی پر افسوس کا اظہار کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم کی دعوت پر وہ پڑوسی ملک گئے اور اربوں روپے مالیت کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی صدر نے پاکستان کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے وزیر برائے فنانس اور فوڈ سیکورٹی کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں