امریکا میں شدید طوفانی برفباری، سات افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2014
ریاست نیویارک کا شہر بفلو برفانی طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے— رائٹرز فوٹو
ریاست نیویارک کا شہر بفلو برفانی طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے— رائٹرز فوٹو

نیویارک : امریکا کی مختلف ریاستوں میں شدید برفباری کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے ہیں جبکہ مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز کے مطابق برف باری سے ریاست کا شہر بوفیلو اور اس کے نواحی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جس کے کچھ حصے اس وقت بھی پانچ فٹ برف تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی مزید تین فٹ برف پڑنے کی پیش گوئی کی ہے۔

ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کوامو نے اسے تاریخی واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ اس سے کئی پرانے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگلے چند دنوں میں جب موسم گرم ہونے سے برف پگھلے گی تو سیلاب کا خدشہ بھی موجود ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ریاست کے مغربی علاقوں میں حالیہ تین روز کے دوران جتنی برف پڑنے کا امکان ہے وہ پورے سال ہونے والی معمول کی برف باری کے برابر ہے۔

برف باری کے باعث مغربی نیویارک کی کئی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جب کہ نیویارک اسٹیٹ تھرو وے نامی مرکزی شاہراہ کا جھیل ایری اور جھیل اونٹاریو سے منسلک 140 میل طویل حصہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق 1976 کے بعد سے نومبر میں کبھی اتنی برفباری یا سردی امریکا میں نظر نہیں آئی۔

ریاست نیویارک کے کئی حصوں میں ریل گاڑیوں کی سروس بھی معطل ہے اور بفلو جانے والی کئی شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

نیویارک کے علاوہ امریکا کی کئی دیگر ریاستوں میں لوگ خراب موسمی حالات کی وجہ سے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں