وزیراعظم سے ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات

24 نومبر 2014
وزیراعظم نواز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ملاقات میں ملکی سلامتی اور آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا—۔فائل فوٹو/ اے پی
وزیراعظم نواز شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ملاقات میں ملکی سلامتی اور آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا—۔فائل فوٹو/ اے پی

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف سے ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی ) لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے پیر کو ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی اور آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں ملک کی اندرونی سلامتی اور پیشہ ورانہ امور سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے معاملات زیرِ بحث آئے۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب وزیراعظم نواز شریف سارک کانفرنس میں شرکت کے لیے نیپال کے دورے پرروانہ ہونے والے ہیں، جہاں وہ کانفرنس میں شامل دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کے ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ وزیراعظم سے ان کی دوسری ملاقات ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے رواں ماہ کے آغاز میں انٹر سروسزانٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں ہیں۔

انھوں نے سندھ رینجرز کے سربراہ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں سرانجام دیں اور کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں اہم ترین کردار ادا کیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کی فوج میں شہرت ایک ایسے افسر کے طور پر ہے جو مختلف ذمہ داریاں بغیر پیچیدگیوں کے ادا کر سکتے ہیں۔

دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان کا سروس ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور وہ اپنی نئی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں