لارڈز: انگلینڈ کا تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی کے لیے تیار ہے جہاں میزبان برطانیہ نے 2019 ورلڈ کپ کا فائنل لارڈز کے گراؤنڈ پر منعقد کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ انگلینڈ میں منعقد ہونے والے 2019 کے ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کا نام تجویز کیا ہے جو 2017 میں ویمن ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔

انگلش بورڈ ے مزید تجویز پیش کی کہ 2019 کے عالمی کپ کے سیمی فائنل کی میزبانی اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر اور ایجبسٹن کو دی جائے۔

اس سلسلے میں 2019 کے ورلڈ کپ کا پہلا میچ اوول کے میدان پر کرانے کی تجویز بھی منصوبے کا حصہ ہے۔

انگلینڈ نے ٹونٹن کے میدان پر بھی مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ کی میزبانی دینے کی تجویز پیش کی جہاں آخری مرتبہ کاؤنٹی میدان میں 1999 کے ورلڈ کپ کے دو میچز کا انعقاد ہوا تھا۔

ان چاروں ورلڈ کپ مقابلوں کے فائنل لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہی ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کی جانب سے جن میدانوں کو میچز کی میزبانی دینے کی تجویز پیش کی گئی ہےان میں ڈرہم، لیڈز ناٹنگھم، برسٹل اور ساؤتھ ہیمپٹن شامل ہیں تاہم ان تمام مقامات پر میچز کا انعقاد آئی سی سی کی منظوری سے مشروط ہے۔

یاد رہے کہ 1975، 1979 اور 1983 میں منعقدہ کرکٹ کے پہلے تینوں عالمی کپ مقابلے برطانیہ کی سرزمین پر کھیلے گئے تھے۔

ویسٹ انڈیز نے ابتدائی دونوں ورلڈ کپ اپنے نام کیے تھے جبکہ تیسرے عالمی کپ کے فائنل میں ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

16 سال کے وقفے کے بعد 1999 میں ایک بار پھر ورلڈ کپ کا انعقاد انگلینڈ کی سرزمین پر ہوا جہاں آسٹریلیا نے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے یکطرفہ ورلڈ کپ فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں