کراچی کو بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ

25 جنوری 2015
این ٹی ڈی سی نے نئی شرائط کے مطابق معائدے کی تیاری شروع کردی ہے —  فائل فوٹو
این ٹی ڈی سی نے نئی شرائط کے مطابق معائدے کی تیاری شروع کردی ہے — فائل فوٹو

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے کراچی میں بجلی تقسیم کرنے والے ادارے کے ایلکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کے الیکٹرک ایک معائدے کے تحت نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سے 650 میگاواٹ بجلی خریدتی ہے تاہم یہ معائدہ آج رات ختم ہو رہا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق کئی وفاقی وزراء کی جانب سے اس معائدے کی توسیع نہ کرنے کے بیانات کے بعد وزیراعلی قائم علی شاہ سندھ سمیت اعلیٰ شخصیات نے وزیراعظم سے رابطہ کیا اور شہر کو بجلی کی فراہمی بند نہ کرنے کی درخواست کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کراچی کو بجلی کی فراہمی بند نہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے اور این ٹی ڈی سی جلد کے الیکٹرک کے ساتھ نئی شرائط پر معائدہ کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی نے نئی شرائط کے مطابق معائدے کی تیاری شروع کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں