پسنی: خضدار کے ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) عبدالعزیز یوسفزئی کے سیکیورٹی قافلے پر ضلع گوادر میں پسنی کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے راکٹ سے حملہ کیا گیا ہے جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈی پی او خضدار اپنے خاندان کے ہمراہ گوادر میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ ان پر نامعلوم مقام سے راکٹ حملہ کیا گیا۔

حملے کے نتجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر دو پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اہلکار اور امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے۔

واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے پسنی کے ایک ہسپتال منتقل میں کیا گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے کو گھیر کر واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کرد ی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں بلوچ علیحدگی پسند تنظیمیں ملوث ہوسکتی ہیں تاہم واقع کی تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ایک دہائی سے بلوچستان کے علا قوں میں عسکریت پسندوں کی جانب سے قومی اداروں (ریلوے، بجلی اور گیس کی تنصیبات) کو نشانے بنانے کا کام جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں