بلوچستان میں دو افغان پولیس اہلکار قتل

01 مارچ 2015
جنگجوں نے چمن کے علا قے میں دو افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا — اے ایف پی فائل فوٹو
جنگجوں نے چمن کے علا قے میں دو افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا — اے ایف پی فائل فوٹو

کوئٹہ: بلوچستان کے افغان سرحد سے منسلک علاقے چمن میں مسلح افراد نے ایک حملے میں دو افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق چمن کی انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح افراد نے چمن بائی پاس پر افغان پولیس اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

مذکورہ افسر نے بتایا کہ دونوں پولیس اہلکاروں کو افغانستان کے صوبے ہلمند سے کوئٹہ میں واقع ہسپتال میں طبی امداد کیلئے لایا جا رہا تھا۔

دونوں اہلکاروں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے چمن کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

افغان پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی جنگجو تنیظم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

بلوچستان کے ضلع سبی کی تحصیل لہری میں ایک علیحدہ واقعے میں پاکستان سیکیورٹی اداروں اور جنگجوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں میں دو مبینہ جنگجو ہلاک ہوگئے۔

فرنٹئیر کور (ایف سی) ترجمان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز علاقے میں معمول کے گشت پر تھیں۔

پیرا ملٹری فورسز کے ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کے پاس موجود اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد مزید سیکیورٹی اہلکاروں کو طلب کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں