'دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے'

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2015
وزیر اعظم نواز شریف—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
وزیر اعظم نواز شریف—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

مدینہ:وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے، دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی خاتمہ کریں گے۔

مدینہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی، ماضی میں بروقت فیصلے کیے جاتے تو ایسے چیلنجز درپیش نہ ہوتے، پاکستان کا امن خراب کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر میں قیام امن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن اور روشنیاں جلد بحال ہوں گی، مؤثر اقدامات کی بدولت کراچی میں حالات بہتر ہو رہے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی سے لاہور تک موٹر وے جلد بن جائے گی، اور کراچی سے حیدر آباد تک موٹر وے کی تعمیر کا کام شروع ہو رہا ہے، کراچی کو پشاور سے موٹر وے سے ملانا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں جوہری بجلی گھر کی تعمیر کی جا رہی ہے جس سے 2 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار ہو گی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، معیشت، دہشت گردی اور توانائی ملک کیلئے بڑے چیلنج ہیں، اگلے 3سال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوجائے گی۔

بجلی کی پیداور کے حوالے سے انہوں پاکستانی کمیونٹی کو بتایا کہ 2017 کے آخر تک 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے، بھاشا ڈیم چار ہزار پانچ سو، دھاسو ڈیم چار ہزار پانچ سو، بنجی ڈیم سات ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار کرے گا ۔

ملک کی معاشی صورتحال پر وزیر اعظم نے کہا کہ اصلاحات کے ذریعے طرز حکمرانی بہتر بنائیں گے، 20ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائر 16ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے، اسٹیٹ بینک کے ذخائر بھی 11ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، حکومتی فیصلوں میں شفافیت کو یقینی بنایا ہے۔

ملک کی خارجہ پالیسی پر ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا چاہتے ہیں، افغانستان سے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

ہندوستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائرکی خلاف ورزی پر انہوں نے کہا کہ سرحد پر فائرنگ کے واقعات باعث تشویش ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام بے بنیاد ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

راضیہ سید Mar 06, 2015 12:30pm
مجھے نہیں معلوم کہ نواز شریف یہ بتا کر کس کو اطیمنان دلا رہے ہیں خود کو یا عوام کو لیکن ایسی طفل تسلیاں صرف عوام کو ہی دی جا سکتی ہیں اس ملک میں انصاف کا عالم کیا ہو جہاں وزیر اعظم ایک بھائی ہو اور دوسرا بھائی ایک صوبے کا وزیر اعلی ، وہاں کیامساوات ہو گی جہاں مدرسوں کو خود فنڈز دیئے جاتے ہوں کیونکہ سب ہی جانتے ہیں کہ سعودی عرب کی پاکستان میں مدارس کی فنڈنگ کے ھوالے سے کیا خدمات ہیں اور یہ بھی کہ جیسے ہی مدارس کی سکروٹنی کا معاملہ چل نکلا نواز شریف کو سعودی عرب کا دورہ بھی یاد آگیا ، خیر ان کے غیر ملکی دوروں کا آج کل کیا کہنا اسکا بیس فیصد بھی اگر وہ عوام کی فلاح و بہبود پر لگا دیں تو شاید دنیا میں ہی جنت مل جائے انھیں ، جہاں تک وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور فوجی آپریشن کا کریڈٹ لینا چاہتے ہیں ، اصل میں وہ جنرل راحیل کا کریڈٹ برداشت نہیں کر سکتے کہ یہ فیصلہ خالصتا جنرل راحیل کا تھا ، نواز شریف آخری وقت تک طالبان کو سپیس دے رہے تھے تاکہ انھیں کھل کر کھلینے کا موقع ملے ، یہ تو ہماری پاک فوج کا ایک بولڈ قدم اور فوری فیصلہ تھا ۔۔۔تاہم نواز شریف کی حکومت کے لئے یہی بہتر ہے کہ بس آپ بہت دفعہ منسٹری کے مزے لے چکے ہیں مہربانی سے اب اصل معنوں میں خادم اعلی عوام بن کر دکھائیں ۔