سری لنکن، بنگلہ دیشی اسکواڈ میں متبادل کھلاڑی شامل

06 مارچ 2015
سیکوگے پرسنا کو دمتھ کرونا رتنے کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
سیکوگے پرسنا کو دمتھ کرونا رتنے کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی

آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ ورلڈ کپ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے سری لنکن کھلاڑی دمتھ کرونا رتنے اور بنگلہ دیشی کھلاڑی انعام الحق کی جگہ متبادل کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سری لنکن اسپنر سکیگو پرسنا کی دمتھ کرونارتنے کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شمولیت کی منظوری دے دی گئی ہے۔

کرونارتنے سڈنی میں پریکٹس سیشن کے دوران انگلی میں فریکچر کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

اسپنر پرسنا نے اب تک 22 ایک روزہ میچز میں سری لنکا کی نمائندگی کرتے ہوئے 181 رنز اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 21 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

انہوں نے آخری مرتبہ ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔

دوسری جانب آئی سی سی ورلڈ کپ کی تکنیکی کمیٹی نے انجری کا شکار انعام الحق کی جگہ تجربہ کار امر القیس کی اسکواڈ میں شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔

انعام الحق اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے۔

28 سالہ امرالقیس اب تک 53 ایک روزہ میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور 10 نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار 390 رنز بنا چکے ہیں۔

انہوں نے اپنا آخری میچ نومبر 2014 میں زمبابوے کے خلاف کھیلا تھا۔

ورلڈ کپ میں کسی کھلاڑی کے بیمار یا انجری کی صورت میں آئی سی سی کو باقاعدہ تحریری درخواست دینی پڑتی ہے جس کے بعد کمیٹی کھلڑی کے متبادل کی منظوری کا فیصلہ کرتی ہے۔

پہلے سے منتخب شدہ کھلاڑی کے اسکواڈ سے باہر ہونے کے بعد اسے دوبارہ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں