صولت مرزا کی پھانسی پھر رُک گئی

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2015
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی کی سزا موخرکی جارہی ہے—۔ویڈیو اسکرین گریب
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی کی سزا موخرکی جارہی ہے—۔ویڈیو اسکرین گریب

اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی میں تیس دن توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق صولت مرزا کی پھانسی میں توسیع کی دستخط شدہ سمری وزیر اعظم ہاوس کو ارسال کردی گئی ہے، جس کےمطابق صولت مرزا کو اب 30 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے صولت مرزا کی پھانسی ایک ماہ کے لیے موخر کرنے کے حوالے سے ایڈوائس صدر کوبھجوائی تھی۔

مزید پڑھیں:صولت مرزا کی پھانسی موخر کرنے کی سفارش

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی سزا موخرکی گئی ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے مجرم صولت مرزا کی پھانسی پہلی بار 19 مارچ کو موخر کی گئی جب پھانسی سے محض چند گھنٹے قبل ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کیے گئے تھے۔

ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد صولت مرزا کی پھانسی کو موخر کردیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ صولت مرزا کی خراب صحت کے باعث صدر نے پھانسی 72 گھنٹے کے لیے مؤخر کی جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے معاملے پر انکوائری کا حکم دیا گیا۔

بعد ازاں 24 مارچ کو مچھ جیل انتظامیہ نے کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کیا اور مجرم کے یکم اپریل کے لیے ڈیتھ وارنٹ حاصل کرلیے۔

یہ بھی پڑھیں:صولت مرزا کے بلیک وارنٹ دوبارہ جاری

تاہم اسی روز وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزارت داخلہ نے صولت مرزا کے الزامات کی تحقیقات کے لیے پھانسی موخرکرنے کی سمری بھجوائی ہے۔

اور آج صدر مملکت کی جانب سے صولت مرزا کی پھانسی ایک ماہ کے لیے موخر کرنی کی سمری پر دستخط کردیئے گئے ہیں۔ صولت مرزا کو جولائی 1997 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (موجودہ کے۔ الیکٹرک) کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد، ان کے ڈرائیور اشرف بروہی اور گارڈ خان اکبر کو قتل کرنے کے جرم میں 1999 میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں