صولت مرزا کی پھانسی موخر کرنے کی سفارش

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2015
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی کی سزا موخرکی جارہی ہے—۔ویڈیو اسکرین گریب
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی کی سزا موخرکی جارہی ہے—۔ویڈیو اسکرین گریب

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے سزائے موت کےمنتظر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی ایک ماہ کے لیے موخرکرنے کی سفارش کردی ہے۔

اس حوالے سے ایڈوائس صدر کوبھجوادی گئی ہے، یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی سزا موخرکی جارہی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق صولت مرزاکی پھانسی میں تیس روزکی توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور وزیراعظم نے اس حوالے سے صدر ممنون حسین کو سمری بھجوادی ہے، جس پر صرف صدر کے دستخط ہونا باقی ہیں۔

صولت مرزا کو جولائی 1997 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (موجودہ کے۔ الیکٹرک) کے مینیجنگ ڈائریکٹر شاہد حامد، ان کے ڈرائیور اشرف بروہی اور گارڈ خان اکبر کو قتل کرنے کے جرم میں 1999 میں پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے مجرم صولت مرزا کی پھانسی پہلی بار 19 مارچ کو موخر کی گئی جب پھانسی سے محض چند گھنٹے قبل ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں:'الطاف حسین نے شاہد حامد کو قتل کرنے کی ہدایت دی'

ویڈیو بیان سامنے آنے کے بعد صولت مرزا کی پھانسی کو موخر کردیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ صولت مرزا کی خراب صحت کے باعث صدر نے پھانسی 72 گھنٹے کے لیے مؤخر کی جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے صولت مرزا کے ویڈیو پیغام کے معاملے پر انکوائری کا حکم دیا گیا۔

بعد ازاں 24 مارچ کو مچھ جیل انتظامیہ نے کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کیا اور مجرم کے یکم اپریل کے لیے ڈیتھ وارنٹ حاصل کرلیے۔

مزید پڑھیں:صولت مرزا کے بلیک وارنٹ دوبارہ جاری

تاہم اسی روز وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزارت داخلہ نے صولت مرزا کے الزامات کی تحقیقات کے لیے پھانسی تین ماہ کے لیے موخرکرنے کی سمری بھجوائی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Waqar Javed Mar 27, 2015 03:38pm
Hmmmmm very nice hhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhhh