فلمی دنیا میں اچھے اسکرپٹ کی مانگ ہمیشہ ہی برقرار رہتی ہے اور اس کے لیے کسی مقبول ناول یا کتاب سے زیادہ اچھا انتخاب کیا ہوسکتا ہے؟

دنیا بھر میں کتابوں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے تو اس موقع پر ایسی مقبول بولی وڈ فلموں کا جائزہ لیں جنھیں مقبول ترین کتابوں سے متاثر ہوکر تیار کیا گیا۔

دیو داس (1936، 1955، 2002، 2009)

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

دیوداس نامی اپنے وقت کا مقبول ترین ناول جسے ایک نہیں بلکہ چار بار فلمی شکل میں ڈھالا گیا۔ سب سے پہلے 1936 میں پی سی باﺅرا کی ہدایات میں کے ایل سہگل، جمنا باﺅرا، ٹی آر راجکماری اس نام کی فلم میں مرکزی کردار ادا کیے۔ 1955 میں بولی وڈ کے لیجنڈ ڈائریکٹر بمل روئے نے اس ناول کو ایک بار پھر فلمی پردے میں پیش کیا جس میں دلیپ کمار، وجنتی مالا، سچیترا سین نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ 2002 میں سنجے لیلا بھنسالی نے شاہ رخ خان، ایشوریہ رائے اور مادھوری ڈکشت کو لے کر اس کو فلمایا۔ 2009 میں انوراگ کشیپ نے دیو داس کا ماڈرن ورژن ' دیو ڈی' کی شکل میں پیش کیا جس میں مرکزی کردار ابھے دیول نے ادا کیا۔

صاحب بی بی اور غلام

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

بولی وڈ کی 1962 کی یہ فلم کلاسیک کا درجہ رکھتی ہے جو بم مترا کے ایک بنگالی ناول صاحب، بیوی غلام کے اوپر بنائی گئی۔ گرودت، مینا کماری اور وحیدہ رحمان نے اپنی زندگی کے یادگار کردار اس فلم میں ادا کیے اور اسے آسکر ایوارڈ کی نامزدگی بھی حاصل ہوئی۔

گائیڈ

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

آر کے نارائن کے ناول گائیڈ کے اوپر اسی نام سے بنائی جانے والی یہ فلم سپرہٹ قرار پائی جس میں دیوآنند اور وحیدہ رحمان نے مرکزی کردار ادا کیے۔ یہ ایک ٹور گائیڈ سے روحانی گرو تک کا سفر کرنے والے شخص کی داستان تھی اور اب بھی یہ فلم اپنی موسیقی اور بہترین اداکاری کی بناءپر لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے۔

تیرے میرے سپنے

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

دیو آنند کی ہیمامالنی اور ممتاز کے ساتھ ایک اور سپرہٹ فلم تیرے میرے سپنے جو 1971 میں ریلیز ہوئی ڈاکٹر اے جے کرونین کے ناول دی سیتادل کے اوپر تیار کی گئی۔

انگور

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

معروف شاعر گلزار نے فلموں میں ہدایتکاری کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں اور ان کی 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم انگور ولیم شیکسپیئر کے ڈرامے ' دی کامیڈی آف ایررز' سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھی جس میں سنجیو کمار اور دیون ورما نے ڈبل رول ادا کیے تھے۔ ان جڑواں کرداروں کی کہانی اور ان کو پیش آنے والے واقعات کو دیکھنے والے ہنس ہنس کر بے حال ہوگئے تھے۔

پنجر

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

امرتا پریتم کی کلاسیکل ناول پنجر کو پردہ اسکرین پر چندرا پرکاش دیویدی نے 2003 میں اسی نام کے ساتھ پیش کیا۔ یہ ناول ان افراد کی مشکلات کے گرد گھومتا تھا جنھیں برصغیر کی تقسیم کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بنیادی طور پر اس فلم میں ایک پندو لڑکی کی کہانی بیان کی گئی تھی جسے ایک مسلمان نوجوان اغوا کرلیتا ہے۔

پری نیتا

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

ودیا بالن کے مرکزی کردار والی یہ فلم 2006 میں ریلیز ہوئی جو کہ اسی نام کے ایک بنگالی ناول سے متاثر ہوکر تیار کی گئی جسے سرت چندرا چھتوپدہے نے 1914 میں تحریر کیا تھا۔ یہ فلم بچپن میں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہونے والے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جن کے کردار سیف علی خان اور ودیا بالن نے ادا کیے جبکہ سنجے دت نے بھی ایک اہم رول میں نظر آئے۔

اومکارا

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

معروف ہدایتکار وشال بھردواج نے ولیم شکسپیئر کے مقبول ڈرامے اوتھیلو سے متاثر ہوکر 2006 میں فلم اومکارا تیار کی۔ جس میں اجے دیوگن، کرینہ کپور اور سیف علی خان نے مرکزی کردار نبھائے اور اسے کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔

تھری ایڈیٹس

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی کی یہ مقبول ترین فلم 2009 کی سب سے بڑی ہٹ بھی تھی جو کہ چیتن بھگت کے ناول فائیو پوائنٹ سم ون پر مبنی تھی۔ فلم میں عامر خان، کرینہ کپور، آر مادھون، شرمن جوشی اور بومن ایرانی نے اپنی اداکاری سے دیکھنے والوں پر جادو طاری کردیا تھا۔

لٹیرا

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

او ہنری کے ناول لاسٹ لیف پر مبینی یہ فلم بنیادی طور پر ایک لو اسٹوری تھی جس میں محبت میں گرفتار جوڑے کے کردار سوناکشی سنہا اور رنویر سنگھ نے ادا کیے۔ 1950 کی دہائی کے زمانے کو پیش کرتی اس فلم کو ناقدین نے کافی سراہا تھا۔

ٹو اسٹیٹس

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

چیتن بھگت کے اسی نام کے ناول سے متاثر ہوکر بنائی جانے والی اس فلم میں ارجن کپور اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیے اور یہ فلم 2014 میں ریلیز ہوئی۔ دو مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے لڑکے اور لڑکی کے محبت میں گرفتار ہونے کی یہ کہانی باکس آفس پر کافی بڑی ہٹ ثابت ہوئی۔

حیدر

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

وشال بھردواج کی گزشتہ برس کی اس فلم نے رواں برس ہر ایوارڈ شوز میں تہلکہ مچا دیا جس کی کہانی ولیم شیکسپیئر کی کتاب ہیملٹ سے اخذ کی گئی۔ یہ فلم شاہد کپور کے کیرئیر کی بھی اداکاری کے لحاظ سے بڑی فلم مانی جاتی ہے جبکہ شردھا کپور اور تبو نے بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔

ڈیٹیکٹو بیوم کیش بخشی

فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز
فوٹو بشکریہ ہندوستان ٹائمز

حال ہی میں ریلیز ہونے والی یہ فلم افسانوی کردار ڈیٹیکٹو بیوم کیش بخشی کے گرد گھومتی ہے جس پر کئی کہانیاں بنگالی مصنف Sharadindu Bandyopadhyay نے تحریر کیں۔ اس فلم کی ہدایات دیباکر بینرجی نے دیں جبکہ سوشانت سنگھ راجپوت نے پرائیویٹ سراغرساں کا مرکزی کردار ادا کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Abdul Aziz Khan Apr 27, 2015 09:37pm
Pakistan mein bhi bohat si films novels per bani masllan Razia Butt k novels per Naila, Saiqa, Noreen, Naseem Hajazi k Khak o Khoon, Piysa per Wehshi, Razia Jameel k Naag Bhoon per Naag Muni, Mirza Hadi Ruswa k Umrao Jan Ada per iss naam say film bani. Issi tarah aur bhi films hain...