بنگلہ دیشی اوپنرز کا نیا عالمی ریکارڈ

اپ ڈیٹ 03 مئ 2015
بنگلہ دیش اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 312 رنز کی شراکت قائم کی۔ فوٹو اے ایف پی
بنگلہ دیش اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 312 رنز کی شراکت قائم کی۔ فوٹو اے ایف پی

کھلنا: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بنگلہ دیشی اوپنرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ریکارڈز پاش پاش کرتے ہوئے منفرد عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا جبکہ محمد حفیظ بھی نئے عالمی ریکارڈ میں حصے دار بن گئے ہیں۔

بنگلہ دیشی اوپنرز تمیم اقبال اور امرالقیس نے پہلی وکٹ کے لیے 312 رنز کی شراکت قائم کی جو اب تک ٹیسٹ کرکٹ کی تیسری یا چوتھی اننگ میں سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔

اس سے قبل 1960 میں انگلینڈ کے کولن کاؤڈرے اور جیوف پلر نے جنوبی افریقہ کے خلاف 290 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

یہ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ اور نیل میک کینزی کے پاس جنہوں نے 2008 میں بنگلہ دیش کے خلاف 415 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

یہ تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ ڈرا کھیلا ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آٹھوں ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم فتحیاب رہی تھی۔

تمیم اقبال 206 رنز بناکر بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے، اس سے قبل مشفیق الرحیم نے سری لنکا کیخلاف 2013 کے گال ٹیسٹ میں 200 رنز بنائے تھے۔

تمیم نے مجموعی طور پر میچ میں231 رنز بنائے جو کسی بھی ایک ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی جانب سے سب زیادہ رنز بنانے کا قومی ریکارڈ بھی ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ محمد اشرفل کے پاس جنہوں نے گال ٹیسٹ میں 212رنز اسکور کیے تھے۔

کسی بھی ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کے اوپنرزکی جانب سے ڈبل سنچریوں کا یہ اولین موقع ہے، تمیم سے قبل پاکستان کے حفیظ نے بھی 224 کی انفرادی اننگز کھیلی تھی۔

بنگلہ دیش نے میچ کی دوسری اننگ میں 6 وکٹ پر 555 رنز بنائے جو دوسری میں ان کا سب سے بڑا مجموعہ ہے، اس سے قبل 2008 میں سری لنکا کیخلاف ڈھاکا ٹیسٹ میں ٹائیگرز نے چوتھی باری میں 413 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کے خلاف یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی ٹیم نے تیسری یا چوتھی اننگ میں 500 سے زائد رنز بنائے، اس سے قبل سری لنکا نے 2011 کے ابوظبی ٹیسٹ میں 483رنز اسکور کیے تھے۔

بنگلہ دیش نے مجموعی طور پر میچ میں 16وکٹیں گنوا کر887 رنز بنائے، یہ کسی بھی ایک ٹیسٹ میں ان کا بہترین مجموعہ ہے۔

اس سے پہلے 2014 میں زمبابوے کیخلاف چٹاگانگ میں 822 رنز بہترین کاوش تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں