عامر خان کی مے ویدر سے مقابلے کی خواہش

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لاس ویگس: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اور دو مرتبہ کے لائٹ ویٹ عالمی چیمپیئن عامرخان نے اپنی اگلی فائٹ امریکی باکسر فلوئیڈ مے ویدر کے خلاف لڑنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

مے ویدر نے ہفتے کو لاس ویگاس میں مینی پیکاؤ کے خلاف ہونے والی فائٹ میں جارحانہ دفاع صلاحیتوں کا اظہار کیا اور مقابلے سے قبل ہونے والی قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے باآسانی فتح اپنے نام کی۔

مےویدر نے مینی پیکاؤ کےخلاف کامیابی کے بعد کہا کہ اب میں صرف ایک بار اور ستمبر میں باکسنگ رنگ میں اتروں گا جس پر مے ویدر سے 10 سال چھوٹے برطانوی باکسر کا ماننا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر مے ویدر کے آخری حریف ہوں گے۔

ایک انٹرویو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ میں نے مے ویدر کے منیجر لین ایلربے سے بات کی ہے، میں نے انہیں میڈیا روم میں دیکھا تھا اور انہوں نے آ کر کہا کہ جب بھی آپ کہیں گے وہ تیار ہوں گے۔

بولٹن سے تعلق رکھنے والے عامر خان نے اب تک اپنی زندگی میں 30 مقابلوں میں فتح حاصل کی جبکہ تین میں انہیں شکست ہوئی اور اس ماہ کے آخر میں ان کا نیویارک میں کرس الجیری سے مقابلہ ہو گا۔

عامر کو امید ہے کہ ان کی مے ویدر سے فائٹ رواں سال کے آخر یا 2016 کے اوائل میں ہو گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں