اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا استعفیٰ منظور

22 مئ 2015
سپیکر جان محمد جمالی ۔ — فائل فوٹو
سپیکر جان محمد جمالی ۔ — فائل فوٹو

کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر جان محمد جمالی حکومت کی جانب سے تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

گورنر ہاﺅس کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جان محمد جمالی کا ہاتھ سے تحریر کردہ استعفیٰ گورنر کو موصول ہوگیا ہے اور بلوچستان کے قائم مقام گورنر میر عبدالقدوس بزنجو نے اسے منظور بھی کرلیا ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے قائم مقام گورنر کا حلف اس وقت لیا جب گورنر محمد خان اچکزئی برطانیہ کے دورے پر روانہ ہوگئے جبکہ اسپیکر جان محمد جمالی جنھیں قائم مقام گورنر کا عہدہ سنبھالنا تھا وہ پہلے ہی عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب بلوچستان حکومت نے صوبائی اسمبلی کے سپیکر جان محمد جمالی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ فیصلہ وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات رحیم زیارت وال نے صحافیوں کو بتایا’سپیکر جان جمالی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے‘۔

انہوں نے بتایا کہ تحریک موجودہ اسمبلی کے جاری سیشن میں ہی پیش کر دی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے جان جمالی نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حالیہ سینیٹ الیکشن میں اپنی بیٹی کو خواتین کی نشست پر کھڑا کیا تھا۔

پارٹی اور اس کی بلوچستان قیادت کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ن -لیگ کو سینیٹ الیکشن میں ایک اہم سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑے۔

جمالی نے سینیٹ الیکشن کیلئے ٹکٹیں چہیتوں کونوازنے کا الزام لگاتے ہوئے سینیٹ الیکشن کے دوران اپنی پارٹی’ مسلم لیگ بلوچستان‘ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں